اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہےکہ کورونا کی وجہ سے عوام بجلی اور گیس کے بل 3 ماہ بعد جمع کرا سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ نےکہا کہ کورونا سے متاثرہ افراد کی مدد کی جائے گی اس کے لیے ایک 1200 ارب کا پیکج دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ کاروباری حضرات کے لیے 5 بڑے فیصلے کیے ہیں، چھوٹے کارخانوں کے متاثرہ ملازمین کے لیے 100 ارب رکھے جارہے ہیں۔
مشیر خزانہ نے بتایا کہ بجلی اور گیس کے بل فوری طور پر جمع کرانے کی ضرورت نہیں، 3 ماہ بعد بھی جمع کرائے جاسکیں گے، یوٹیلیٹی بلز جمع کرانے میں تاخیر کا نقصان حکومت خود برداشت کرے گی جس کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ بزنس مین مطمئن رہیں، حکومت ان کے پیچھے کھڑی ہے، بزنس مین کمیونٹی کی سپورٹ پر شکریہ ادا کرتے ہیں، کارباری برادری سے مل کر کورونا سے متعلق چیلنجز پر قابو پائیں گے۔