یو اے ای : کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 20 ہو گئی ، تصدیق شدہ کل کیس 3736

UAE

UAE

یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔یو اے ای کی وزارتِ صحت نے ہفتے کے روز 376 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے اور ملک میں اب کل کیسوں کی تعداد 3736 ہوگئی ہے۔

یو اے ای کی وزارت صحت کی خاتون ترجمان فریدہ الحسنی نے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ آج کرونا وائرس سے مزید چار افراد وفات پاگئے ہیں۔اب ملک میں اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔

انھوں نے مزید بتایا ہے کہ 20 ہزار افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں،ان میں شہری اور مکین دونوں شامل ہیں اور ان میں پونے چار سو افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں لیکن ان سب کی حالت مستحکم ہے۔

ترجمان کے مطابق کرونا وائرس کا شکار مزید 170 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں اور اب تن درست ہونے والے افراد کی تعداد 588 ہوگئی ہے۔

یو اے ای نے 28 مارچ کو مختلف شہروں میں 13 جگہوں پر موبائل ٹیسٹنگ کا آغاز کیا تھا۔ کرونا وائرس کے ٹیسٹ کی یہ سہولت عوام کو دستیاب ہے۔ تاہم ترجیحاً ان افراد کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں جن میں عالمی ادارہ صحت کے شائع شدہ معیار کے مطابق اس مہلک وَبا کی علامات پائی جارہی ہیں۔

دبئی سمیت یو اے ای میں شامل امارتوں نے اس وَبا کو پھیلنے سے روکنےکے لیے مختلف سخت قواعد و ضوابط اور قوانین نافذ کیے ہیں۔بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن ہے اور لوگوں کی آزادانہ نقل وحرکت پر پابندی عاید ہے۔

یو اے ای نے چار اپریل کو ملک میں نافذ 24 گھنٹے کے کرفیو میں 18 اپریل تک توسیع کر دی تھی۔اس دوران میں قومی صفائی پروگرام پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔

یو اے ای کی حکومت نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 26 مارچ کو صفائی کی یہ قومی مہم شروع کی تھی۔اس مہم کے تحت سرکاری تنصیبات، عمارتوں، بس اسٹیشنوں اور ٹراموں کو مصفا کیا جارہا ہے۔

دبئی میں کرفیو کے دورانیے میں اضافے کے بعد اب آن لائن خریداری میں اضافہ ہوچکا ہے۔ یو اے ای کی حکومت آن لائن خریداری کے عمل کو مربوط اور تیز بنانے کے لیے نجی شعبے اور جنرل اسٹوروں کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے تاکہ شہریوں کو اشیائے ضروریہ کی بلاتعطل فراہمی جاری رہے۔