الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کا شکار پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔سعودی وزارت صحت نے مزید 382 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے اور اب مملکت میں کل کیسوں کی تعداد 4033 ہو گئی ہے۔
سعودی وزارتِ صحت نے ہفتےکے روز ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ مکہ مکرمہ میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ان کی تعداد 131 ہے۔اس کے بعد مدینہ منورہ میں 95، دارالحکومت الریاض میں 76 اور جدہ میں 50 کیسوں کی تصدیق کی گئی ہے۔الدمام میں 15، ینبع میں پانچ، سبت العلایہ اور الہفوف میں تین، تین نئے کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔
وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کا شکار 720 افراد تن درست ہوچکے ہیں۔سعودی شہری کرونا وائرس سے متعلق معلومات کے لیے وزارت صحت کے فراہم کردہ نمبر 937 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد عبدالعالی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کا شکار ہونے والے لوگوں کی عمریں مختلف ہیں اور عمروں کے ان مختلف گروپوں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ہر کوئی اس مہلک کا وائرس کا شکار ہوسکتا ہے جبکہ ماہرین یہ کہہ رہے تھے کہ اس وائرس کا زیادہ تر بڑی عمر کے لوگ شکار ہوسکتے ہیں۔
انھوں نے مزید بتایا ہے کہ حالیہ دنوں میں رپورٹ کیے گئے کیسوں میں 70 سے 80 فی صد غیر سعودی شہری ہیں۔ترجمان نے شہریوں اور مکینوں دونوں پر زوردیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اپنے گھروں ہی میں مقیم رہیں اور سماجی میل جول کے وقت مناسب فاصلہ اختیار کریں۔
واضح رہے کہ سعودی وزیرصحت توفیق الربیعہ نے گذشتہ ہفتے خبردار کیا تھا کہ مملکت میں آیندہ چند ہفتوں کے دوران میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ سے دو لاکھ تک ہوسکتی ہے۔انھوں نے سعودی اور غیرملکی ماہرین کے چار تحقیقی مطالعات پر مبنی یہ اعداد وشمار جاری کیے تھے۔
انھوں نے ان مطالعات کے حوالے سے بتایا کہ مملکت میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ان میں کمی واقع نہیں ہورہی ہے۔اب مستقبل میں اس مہلک وائرس کے کیسوں کی تعداد کا انحصار ہر کسی کے تعاون اور حکومت کی جاری کردہ رہ نما ہدایات اور احتیاطی تدابیر پرعمل درآمد پر ہے۔