کورونا وائرس کے پیش نظر لاہور کے مزید 10 علاقے سیل

Lahore Lockdown

Lahore Lockdown

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاہور میں رائیونڈ ،سکندریہ اور مکھن پورہ کے بعد شہر کے مزید 10 علاقے سیل کر دیئے گئے۔

لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے مشتبہ اور کنفرم مریض سامنے آنے کے بعد متاثرہ علاقے سیل کر دیئے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیل کیے گئے علاقوں میں بیگم کوٹ شاہدرہ، رستم پارک گلشن راوی، مغل پورہ، ریلوے کالونی، ملتان روڈ نجی سوسائٹی، رحمٰن پورہ وحدت کالونی، چائنہ اسکیم گجرپورہ، اسمال انڈسٹری ہاؤسنگ سوسائٹی اور ڈیفنس بی کے علاقے شامل ہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئرپنجاب کے مطابق ان علاقوں میں 66 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے جب کہ لاہور میں کورونا وائرس کے 402 کنفرم مریض ہیں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ان علاقوں کو سیل کیا گیا ہے جس کے بعد مجموعی طور پر شہر میں بند کیے گئے علاقوں کی تعداد 14 ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر اب تک 86 افراد جاں بحق اور 5 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔