اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے گئے سندھ حکومت کے اقدامات کو قابل ستائش قرار دیا ہے۔
بلاول ہاؤس کراچی سے جاری اعلامیے کے مطابق آصف زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے انہیں کورونا کی صورت حال پر بریفنگ دی۔
آصف زرداری نے کورونا کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے سندھ حکومت کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج سندھ حکومت کے فیصلوں کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے لیے سب سے بڑی ترجیح انسانی زندگیوں کا تحفظ ہے، اس لیے سندھ حکومت نے ٹیسٹنگ کی صلاحیتوں میں اضافہ کرکے اچھا کام کیا ہے۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں مستحق افراد تک رسائی اور امداد سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ اس سخت وقت میں سندھ سمیت تمام صوبوں کی مدد کرے۔
خیال رہےکہ سندھ حکومت نے کورونا کی وجہ سے 14 اپریل تک صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کررکھا ہے جس میں مزید توسیع کا امکان ہے۔
ملک میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے، اب تک متاثرین کی تعداد 5374 ہو چکی ہے جس میں سے 1411 کا تعلق صوبے سندھ سے ہے جب کہ ملک بھر میں 93 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔