کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) شہر میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضلع شرقی کے مزید 8 تھانوں کی حدود میں مختلف مرکزی شاہراہوں، متاثرہ گلی، محلوں اور رہائشی عمارتوں کو سیل کر دیا گیا۔
کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن چوتھے ہفتے میں داخل ہو گیا ہے۔
گزشتہ شب کراچی کے ضلع شرقی کے مزید 8 تھانوں کی حدود میں مختلف مرکزی شاہراہیں متاثرہ گلیاں اور محلے سیل کردیے گئے۔
تھانہ بلوچ کالونی کی یوسی 2 اور ڈیفینس فیز ویو کی تین گلیاں سیل کی گئی ہیں جب کہ تھانہ بریگیڈ میں یوسی 11، خداداد کالونی کی ایک سڑک اور 2 گلیاں، یوسی 10 جیکب لائن کی سڑک سمیت 2 گلیاں، تھانہ گلشن اقبال کی حدود میں یونیورسٹی روڈ پر یوسی 9 کے بلاک 3, 6, 7 اور بلاک 13ڈی کی چندگلیاں سیل کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ تھانہ گلستان جوہر، سچل، شارع فیصل، عزیز بھٹی اور جمشید کواٹرکی حدود میں مخصوص اپارٹمنٹس، گلیاں اور سڑکیں بھی سیل کی گئی ہیں۔
گلیاں اور سڑکیں سیل کرنے کے لیے کنٹینرز، ٹینکرز اور مختلف رکاوٹیں لگائی گئی ہیں جب کہ سیل مقامات پر قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر مشتمل دو حصار بنائے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ضلع شرقی کے ڈپٹی کمشنر نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 11 یونین کونسلز کو مکمل سیل کرنے کا حکم دیا تھا تاہم سندھ حکومت نے یوسیز کی متاثرہ گلیوں کو سیل کرنے کے احکامات دیے ۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک 5 ہزار 700 سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جس میں سے 1452 کا تعلق سندھ سے ہے اور صوبے میں اب تک 31 افراد بھی لقمہ اجل بن گئے ہیں۔