سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی مشرقی گورنری الاحساء کی متعدد کالونیوں میں کرونا کی روک تھام کے لیے نیشنل گارڈ نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
الاحساء گورنری کی الفیصلیہ اور الفاضلیہ کالونیوں میں 24 گھٹنوں کے لیے قابل تجدید کرفیو لگا دیا تھا۔ اس کے بعد نیشنل گارڈ اور پولیس نے کرفیو زدہ کالونیوں کا کنٹرول سبنھال لیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کو کرونا کی وباء سے بچانے کے لیے سخت حفاظتی اور احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔
ملک میں کرونا کی روک تھام کے لیے وزارت صحت اور عالمی ادارہ صحت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پرعمل درآمد یقینی بنانے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔ وزارت داخلہ محکمہ صحت کے حکام کے ساتھ مل کر صورت حال پرنظر رکھے ہوئے ہے اور تمام شہریوں سے کرونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھر سعودی عرب کے نیشنل گارڈ نے اپنی ویب سائٹ پر متعدد تصاویر پوسٹ کی ہیں۔ ان تصاویر میں نیشنل گارڈ کے اہلکاروں کو مختلف چیک پوسٹوں پر شہریوں کی چیکنگ اور گاڑیوں کی چیکنگ کرتے دکھایا گیا ہے۔