سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی حکومت نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے وزارت صحت کو مزید 47 ارب ریال (12۰5 ڈالر) دینے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی وزیر خزانہ اور قائم مقام وزیر برائے اقتصادی امور اور منصوبہ بندی محمد الجدعان نے بدھ کو ایک بیان میں اس فیصلے کی اطلاع دی ہے اور مزید بتایا ہے کہ حکومت نجی شعبے کے واجبات کی بروقت ادائی کے لیے 23 ارب ریال (6۰1 ڈالر) مختص کرے گی۔
وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سے نجی شعبہ انحطاط کا شکار ہوگیا ہے اور اس کی وجہ سے سعودی عرب کو غیر تیل ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدن میں کمی کا سامنا ہے۔تاہم حکومت یہ کوشش کررہی ہے کہ شہریوں پر اقتصادی ابتری کے مضراثرات مرتب نہ ہوں۔
محمد الجدعان نے واضح کیا کہ سعودی عرب کرونا وائرس کے بحران سے نمٹنے کی مالی صلاحیت کا حامل ہے اور حکومت زرمبادلہ کے ذخائر کو استعمال کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی ہے۔یہ ذخائر 110 سے 120 ریال (29۰2-31۰9 ارب ڈالر) ہیں۔
انھوں نے کہا کہ حکومت کرونا کی وبا کے تناظر میں اپنے اخراجات میں کمی کے لیے اضافی اقدامات پر غور کررہی ہے۔ سفری اخراجات ، تقریبات ، سیاحت ، تفریحی پروگراموں اور کھیلوں پر اٹھنے والے اخراجات میں کٹوتی سے بچت میں مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب معیشت کی بحالی اور اقتصادی سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز کے لیے بہت محتاط انداز میں اقدامات کررہا ہے اور مسلسل صورت حال کا جائزہ لے رہا ہے تاکہ بروقت ضروری فیصلےکیے جاسکیں۔
سعودی عرب کی وزارت صحت نے آج کرونا وائرس کے مزید 1141 کیسوں کی تصدیق کی ہے جس کے بعد ملک میں کل کیسوں کی تعداد 12772 ہوگئی ہے۔ان میں 1812 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں اور 114 کی وفات ہوئی ہے۔