پاناما (اصل میڈیا ڈیسک) پوری دنیا میں پھیلنے والی کرونا وبا کی روک تھام کے لیے حکومتیں مختلف ذرائع اور طریقوں کا استعمال کرتی ہیں۔ پاناما میں کرونا کا شکار ہونے والے مریضوں کی نشاندہی کے لیے میٹرول اسٹیشنوں اور میٹرو بسوں میں خفیہ کیمرے لگائے گئے ہیں۔
ان کیمروں کی مدد سے کرونا کے متاثرہ مریضوں کی نشاندہی کی جاسکتی ہے۔ پاناما نے کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے بہت سخت اقدامات نافذ کیے ہیں۔ اب تک وہاں پر کرونا کے 4،600 سے زیادہ کیسز ریکارڈ کیے گئے جن میں 136 اموات بھی شامل ہیں۔ وسطی امریکی ممالک میں کرونا سے سب سے زیادہ ہلاکتیں پاناما میں ہوئی ہیں۔
دارالحکومت میں میٹرو چلانے والی سرکاری کمپنی کے عہدیداروں نے بتایا ہے کہ بخار میں مبتلا افراد کی شناخت کے لیے 12 اسٹیشنوں کے داخلی راستوں پر سینسر سے لیس کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ اگلے مرحلے میں مزید 18 میٹرو اسٹیشنوں پر ایسے کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ کیمروں سے مسافروں کے بخار اور درجہ حرارات کی نشاندہی کے بعد انہیں سفر سے روکا جائے گا اور مزید طبی معائنے کے لیے لے جایا جائے گا۔ تاکہ اس امر کی تصدیق کی جاسکے کہ مریض کرونا کا شکار ہے یا نہیں۔