یمن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا نے جنوبی کی علاحدگی پسند کونسل کی طرف سے بغاوت کی کوشش کی سخت مخالفت کرتے ہوئے عدن سے متعلق سعودی عرب کی میزبانی میں طے پائے امن معاہدے پرعمل درآمد پر زور دیا ہے۔
یمن میں امریکی سفارتخانے نے عدن میں کیے گئے “یکطرفہ اقدامات” کو مسترد کرتے ہوئے ریاض معاہدے کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
یمن میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے “ٹویٹر” پر شائع کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفیر کرسٹوفر ہنزل نے حال ہی میں یمن میں جنوبی عبوری کونسل کے اقدامات کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ہنزل نے کہا عبوری کونسل کے “یکطرفہ اقدامات” سے جنگ زدہ ملک یمن میں عدم استحکام میں مزید اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کئ مہم جوئی اس لیے بے مقصد ہے کیونکہ اس وقت یمن سمیت پوری دنیا کرونا جیسی خطرناک وبا کا سامنا کررہی ہے۔ اس طرح کے اقدامات سے کرونا کی وبا مزید پھیلنے کا خطرہ ہے۔
امریکی سفیر نے جنوبی عبوری کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاض معاہدے میں طے شدہ نکات اور شرائط پر عمل درآمد یقینی بنائے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل جنوبی یمن کی عبوری کونسل نے گذشتہ برس ستمبر میں سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں طے پائے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوبی یمن کو خود مختارعلاقہ قرار دیا تھا۔ یمن میں آئینی حکومت کے دفاع کے لیے کام کرنے والے عرب اتحاد نے عبوری کونسل کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے ریاض معاہدے پرعمل درآمد پر زور دیا تھا۔