ملک میں کورونا سے ہلاکتیں 327 اور مجموعی کیسز 14885 ہوگئے

Coronavirus - Pakistan

Coronavirus – Pakistan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 327 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 14885 تک جا پہنچی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 114 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ میں 92 اور پنجاب میں 100 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔

28 اپریل کو پاکستان میں کورونا وائرس سے 28 ہلاکتیں ہوئیں جو ملک میں 26 فروری کو پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد سے اب تک ایک روز میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں تھیں۔

آج کے کیسز کی صورتحال
آج بروز بدھ ملک بھر سے کورونا کے مزید 98 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں اسلام آباد سے 36 اور بلوچستان سے اب تک 62 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 36 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 297 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بلوچستان
بلوچستان میں آج کورونا کے مزید 62 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 915 ہوگئی ہے جب کہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہے۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ بلوچستان میں سب سےزیادہ 646کیسز کوئٹہ سے رپورٹ ہوچکے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا کے 177 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ
صوبے میں منگل کو کورونا کے مزید 335 کیسز رپورٹ ہوئے اور 7 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا میں مبتلا مریضوں کی تعداد 5291 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 92 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 38 مریض صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو چلے گئے جس کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 963 ہوگئی ہے۔

پنجاب
پنجاب میں منگل کو کورونا وائرس کے مزید 187 کیسز سامنے آئے ہیں اور 9 افراد کورونا سے انتقال کرگئے۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 5827 اور ہلاکتیں 100 ہوگئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 768 زائرین، 1925 رائے ونڈ سے منسلک تبلیغی ارکان، 86 قیدی اور 2951 عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا سے 1380 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا
خیبر پختونخوا میں منگل کو کورونا وائرس کے 176 نئے کیسز اور 6 اموات بھی سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں کورونا مریضوں میں مجوعی تعداد 2160 اور ہلاکتیں 114 ہوگئیں۔

صوبائی وزارت صحت کے مطابق پشاور میں 7، مردان میں دو اور ایبٹ آباد میں ایک شخص کورونا سے جاں بحق ہوا۔

خیبرپختونخوا میں اب تک 562 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں منگل کو مزید 10 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 330 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق مزید 2 افراد کے صحت یاب ہونے کے بعد اب تک 224 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

آزاد کشمیر
آزاد کشمیر سے منگل کو کورونا کے مزید 6 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 65 ہوگئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال

کورونا سے جاں بحق ہیلتھ ورکرز کیلئے امدادی پیکج کا اعلان
وفاقی حکومت نے کورونا سے جاں بحق ہونے والے ہیلتھ ورکرز کے لیے 30 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک کے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔

سندھ میں یوم علیؓ سمیت ہر قسم کے جلسے جلوسوں پر پابندی عائد
محکمہ داخلہ سندھ نے رمضان المبارک میں صوبے بھر میں ہر قسم کے جلسے جلوس پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

ملک گیر جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع
وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کر دی ہے۔

رمضان سے مسافر ٹرینوں کی بحالی ایک بار پھر مؤخر
ملک میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے مسافر ٹرینوں کی یکم رمضان سے بحالی ایک بار پھر مؤخر کردی گئی ہے۔

سرحدیں 30 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ
وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

پروازوں پر عائد پابندی میں 15 مئی تک توسیع
سول ایوی ایشن نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں توسیع 30 اپریل سے بڑھا کر 15 مئی تک کر دی ہے۔

کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے گائیڈ لائنز
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔