اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاک فوج کے دستے ملک بھر میں کورونا ریلیف سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور کورونا پرقابو پانےکے لیے ملک بھرمیں سول انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔
پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں ملک بھر میں جاری ہیں اور پاک فوج کے جوان سول انتظامیہ کے ساتھ مل کرعوامی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے کورونا سے متاثرہ علاقوں میں 3 لاکھ 50 ہزار فوجی امدادی پیکجز تقسیم کیے جا چکے ہیں جو کھانے پینے اور روز مرہ کے استعمال کی اشیاء پر مشتمل ہیں۔ یہ امدادی پیکجز فوجی افسروں وجوانوں کی تنخواہوں سے جمع رقم سے خریدے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ امدادی سامان گلگت بلتستان، آزادکشمیرکے دوردراز پسماندہ علاقوں کے علاوہ سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے پسماندہ علاقوں کے معذوروں، محنت کشوں، بیواؤں اور ضرورت مندوں میں تقسیم کیا گیا۔