ماسکو (اصل میڈیا ڈیسک) روس کے وزیراعظم میخائل مشسٹن بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی وزیراعظم نے صدر پیوٹن کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔
روسی وزیراعظم نے کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد تنہائی اختیار کرلی ہے اور اپنے نائب کو قائم مقام وزیراعظم کی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔
روسی وزیراعظم نے مقامی ٹی وی کو بتایا کہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سیلف آئسولیشن کے رولز اختیار کرنا ضروری ہیں، یہ لازم ہے اور میں نے اپنے ساتھیوں کی حفاظت کے لیے تنہائی اختیار کرلی ہے۔
روسی صدر نے وزیراعظم میخائل کی جانب سے آندرے بیلوسو کو قائم مقام وزیراعظم بنانے کی سفارش کے فیصلے پر بھی دستخط کردیے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق روسی وزیراعظم اب تک ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والی سب سے اہم شخصیت ہیں۔
روس میں کورونا کےکیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے جو ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ جمعرات کے روز ایک ہی دن میں سب سے زیادہ 7 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔
روس میں کورونا وائرس سے اب تک ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔