سوڈان (اصل میڈیا ڈیسک) سوڈان کے وزیر صحت کا ایک وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔ اس کلپ میں انہوں نے حیرت انگیز طریقے سے کرونا وائرس سے خبردار کیا ہے۔ اس کے نتیجے میں عوامی حلقوں میں طوفان کھڑا ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر زیر گردش آنے والے وڈیو کلپ میں سوڈانی وزیر صحت اکرم علی نے شہریوں کو دھماکا خیز انداز سے کوویڈ 19 وائرس سے خبردار کیا۔
اکرم نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کرونا وائرس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “اس وبا میں آپ کی صحت آپ کے اپنے ہاتھوں میں ہے .. اس مرض کا پیناڈول کے سوا کوئی علاج نہیں .. اگر مریض کا دم گھٹ رہا ہو تو اسے آکسیجن دی جائے گی .. اور اگر اس پر تنگی ہوئی تو وہ مختصر دورانیے میں مر جائے گا”۔
سوڈانی وزیر کی یہ وڈیو سوشل میڈیا پر فوری طور پر پھیل گئی۔ بعض لوگوں نے وزیر کی جانب سے کھلے انداز میں بیان کو سراہا جب کہ بعض دیگر افراد نے کرونا سے خبردار کرنے کے سلسلے میں سوڈانی وزیر کے تند و تیز انداز پر حیرانی کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ سوڈان کی وزارت صحت نے جمعرات کے روز کرونا وائرس کے 67 نئے کیسوں اور 3 مزید اموات کے اندراج کا اعلان کیا۔ اس طرح ملک میں اس وبائی مرض سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 442 ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اب تک 31 افراد کرونا میں مبتلا ہو کر اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
سوڈان نے کرونا وائرس پر روک لگانے کے لیے رواں ماہ اپریل کے وسط سے دارالحکومت خرطوم پر عمومی گوشہ نشینی نافذ کر دی تھی۔