ایران (اصل میڈیا ڈیسک) فرانس اور ایران میں مہلک کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی سامنے آئی ہے اور دنیا بھر میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 11 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔
ایران ایران میں کورونا کیسز میں نمایاں کمی آنے کے بعد ایرانی صدر حسن روحانی نے پیر سے ملک کے 132 علاقوں میں مساجد کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ جن علاقوں میں مساجد کھولنے کا فیصلہ کیا ہے وہاں کورونا کے خطرات کم ہیں۔
ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ کم خطرات والے علاقوں میں اسکول بھی 16 مئی سے کھولے جائیں گے لہذا تمام مساجد اور اسکول میں سماجی فاصلے اور صحت و صفائی کا خاص خیال رکھاجائے گا۔
ایران میں اب تک کورونا وائرس سے 6 ہزار سے زائد اموات اور متاثرین کی تعداد 96 ہزار سے زائد ہے۔
سعودی عرب ادھر سعودی عرب کی حکومت نے بھی دمام ریجن کے ضلع الاثیر سے جزوی طور پر کرفیو اٹھانے کا اعلان کردیا ہے۔
سعودی عرب میں اب تک کورونا کیسز کی کل تعداد 25 ہزار 459 ہوچکی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 176 ہے۔
فرانس یورپی ملک فرانس میں بھی کورونا مریضوں کی تعداد میں واضح کمی ہوئی ہے۔
گزشتہ چند روز سے فرانس میں کورونا کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا تاہم اب تک مریضوں کی کل تعداد 1 لاکھ 68 ہزار 396 ہے جب کہ اموات کی تعداد 24 ہزار سے زائد ہے۔
کورونا پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فرانسیسی حکومت نے کورونا ہیلتھ ایمرجنسی میں دو ماہ کی مزید توسیع کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
بیلجیم آبادی میں کورونا سے اموات کی شرح کے حساب سے یورپ بھر میں آگے بیلجیم نے بھی پیر سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا ارادہ ظاہر کر دیا ہے جہاں متاثرین کی کل تعداد 50 ہزار کے قریب جب کہ اموات کی تعداد 7 ہزار 844 تک پہنچ گئی ہے۔
امریکا جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادو شمار کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد11 لاکھ 60 ہزار 804 تک پہنچ گئی ہے جب کہ اموات کی مجموعی تعداد 67 ہزار 448 ہو گئی ہے۔
ادھر نیویارک میں میتیں رکھنے کی جگہ کم پڑگئی جس کے بعد لاشوں کو کنٹینرز کے اوپر رکھنا شروع کر دیا گیا ہے۔
چین چین وبا کے شکار پہلے دس ملکوں کی فہرست سے نکل گیا ہے تاہم ہفتے کو چین میں کورونا کا صرف ایک نیا مریض سامنے آیا جس کے بعد مجموعی تعداد 82 ہزار 877 ہے جب کہ اموات کی تعداد 4 ہزار 633 ہے۔
اس طرح دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 45 ہزار 48 جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد35 لاکھ سے تجاوز ہو گئی ہے۔