لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے سے عوام کا بھلا نہیں ہو گا، صدر پی ایم اے

 Lockdown Gentleness

Lockdown Gentleness

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نظامی نے کہا ہے کہ حکومت کے لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے سے عوام الناس کا بھلا نہیں ہونا ہے۔

لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر اشرف نظامی کا کہنا تھا کہ حکومت کا لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں کیونکہ اس سے عوام الناس کا بھلا نہیں ہونا۔

ڈاکٹر اشرف نظامی نے کہا کہ وزیراعظم ایڈوائزری کونسل سے اجتناب کریں، یہ پہلے ہی حکومت کو شرمندہ کر چکی ہے، اب انہی کے فیصلے ملک و قوم کو اس نہج کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔

انہوں نے خبردار بھی کیا کہ آئندہ تین ہفتے بہت اہم ہیں، نظر انداز نہ کریں۔

علاوہ ازیں طبی عملے میں کورونا کیسز سامنے آنے کے حوالے سے ڈاکٹر اشرف نظامی نے کہا کہ ٹریننگ نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان میں 660 ہیلتھ پروفیشنلز کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں، انہیں حفاظتی کٹ پہننے اور اسے ضائع کرنے کی تربیت بھی نہیں دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی سے نرمی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد طے شدہ ضابطوں کے تحت ملک بھر میں کاروبار کھولنے کی اجازت دی گئی ہے جس پر ڈاکٹرز نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث ڈاکٹروں سمیت اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے متعدد افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں جب کہ 4 ڈاکٹر کورونا کے باعث لقمہ اجل بھی بن چکے ہیں۔