کرونا وائرس : سعودی عرب میں 1911 نئے کیسوں کی تصدیق، 69 فی صد تارکینِ وطن

Coronavirus - Saudi Arabia

Coronavirus – Saudi Arabia

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں کرونا وائرس کے 1911 نئے کیسوں کی تصدیق کی گئی ہے اور اس مہلک وَبا کا شکار نو افراد وفات پاگئے ہیں۔

سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں اب کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 42925 ہوگئی ہے۔ ان میں 264 افراد وفات پا چکے ہیں۔

وزارت صحت کے ترجمان محمد العبد العالی نے منگل کے روز بتایا ہے کہ کرونا کے نئے کیسوں میں 69 فی صد غیر سعودی مکین ہیں اور 31 فی صد سعودی شہری ہیں۔نئے تشخیص شدہ کیسوں میں 82 فی صد مرد حضرات اور 18 فی صد خواتین ہیں۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ کرونا وائرس سے وفات پانے والے نو افراد میں دو سعودی شہری ہیں اور سات غیرسعودی ہیں۔وہ مکہ مکرمہ ، جدہ ، نجد میں واقع وادی الدوسیر میں رہ رہے تھے۔ان کی عمریں 29 اور 64 سال کے درمیان تھیں اور وہ پہلے بھی مختلف دائمی امراض کا شکار تھے۔

ڈاکٹر العبدالعالی نے شہریوں اور مکینوں پر زوردیا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ایک دوسرے سے فاصلہ اختیار رکھیں۔ان کا کہنا ہے کہ نئے متاثرہ کیسوں میں دسیوں افراد نے شادی تقریبات ، جنازوں اور خاندانوں کے اجتماعات میں شرکت کی تھی۔

اجتماعی افطار میں شرکت کرنے والے چار خاندانوں کے افراد بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ان میں ایک خاندان پہلے سے متاثرہ تھا اور پھر اس نے اپنے ساتھ دوسروں کو بھی اس مہلک وَبا کا شکار کردیا ہے۔

سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کاشکار ہونے والے 15257 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔