سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 1905 نئے کیسوں اور نو اموات کی تصدیق کی ہے جبکہ اس مہلک وَبا کا شکار 2365 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔
سعودی وزارتِ صحت کے ترجمان نے بدھ کو بتایا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد 44830 ہوگئی ہے اور آج گذشتہ روز کے مقابلے میں کم کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ کرونا کے نئے تشخیص شدہ مریضوں میں 32 فی صد سعودی شہری ہیں اور 68 فی صد غیر سعودی ہیں۔
ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس کے ٹیسٹوں کی صلاحیت میں اضافے کی وجہ سے متاثرہ کیسوں کو بروقت الگ تھلگ کرنے اور ان کے علاج میں مدد مل رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ گذشتہ چند روز کے دوران میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے افراد کے مقابلے میں صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد زیادہ ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے میں 2365 افراد شفایاب ہوئے ہیں اور اب مملکت میں شفایاب ہونے والے مریضوں کی کل تعداد 17622 ہوگئی ہے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ کرونا وائرس سے وفات پانے والے نو افراد میں دو سعودی شہری ہیں اور سات غیر سعودی ہیں۔وہ جدہ اور مکہ مکرمہ میں مقیم تھے۔اب سعودی عرب میں کرونا وائرس سے وفات پانے والے افراد کی تعداد 273 ہوگئی ہے۔