شام (اصل میڈیا ڈیسک) شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کی رپورٹ کے مطابق مشرقی شام میں ایک فضائی حملے میں ایران نواز جنگجوئوں اورایرانی فوج کے ایک اڈے کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں کم سے کم سات ایرانی حمایت یافتہ جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق عراق کی سرحد کے قریب مشرقی شامی قصبے البوکمال میں معیزیلہ نامی ایک فوجی اڈے کو نامعلوم جنگی طیاروں نے بمباری سے نشانہ بنایا۔ انسانی حقوق گروپ کی رپورٹ کے مطابق بمباری کے نتیجے میں فوجی اڈے پر موجود کم سے کم سات ایران نواز جنگجو ہلاک ہو گئے جب کہ فوجی اڈے کو غیر معمولی نقصان پہنچا ہے۔
آبزرویٹری کی رپورٹ کے مطابق چند روز قبل معیزیلہ فوجی اڈے پر نئی عسکری کمک پہنچائی گئی تھی۔
خیال رہے کہ شام میں وادی فرات کے جنوب اور مشرقی شام میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیائوں کا کنٹرول ہے۔ یہ علاقے اکثر اسرائیل کے فضائی حملوں کا نشانہ بنتے رہتے ہیں۔
دو ہزار گیارہ کے بعد اسرائیلی فوج شام میں ایران اور لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے مراکز کو تواتر کے ساتھ نشانہ بناتی رہی ہے۔ تاہم اسرائیل کی طرف سے سرکاری سطح پر بہت کم اس طرح کے حملوں کی ذمہ داری قبول کی گئی۔ البتہ حالیہ حملے پر اسرائیل خاموش رہا ہے۔