اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان اور افغانستان میں امن نہیں چاہتا۔ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے دہشت گرد حملوں پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت بلوچستان میں مختلف قسم کی سازشیں کر رہا ہے، بھارت کا ماضی میں بھی بلوچستان کی دہشتگردی میں ہاتھ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کے صدر کو نئی صورتحال سے متعلق ایک خط لکھ رہا ہوں جس میں بتاؤں گا کہ بھارت پاکستان میں فالس فلیگ آپریشن کا بہانہ تلاش کر رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچایا جا سکتا ہے، بھارت نہیں چاہتا کہ پاکستان میں امن رہے، بھارت افغانستان میں امن کی پیش رفت بھی نہیں چاہتا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت جو قیامت برپا کررہا ہے وہ دنیا جانتی ہے، عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔