لاک ڈاوَن کھولنے سے پہلے حکمت عملی ہوتی تو کورونا متاثرین نہ بڑھتے، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ لاک ڈاوَن کھولنے سے پہلے حکمت عملی ہوتی تو متاثرین کی تعداد میں اضافہ نہ ہوتا۔

شہباز شریف نے ملک میں کورونا سے متاثرین اور اموات کی شرح میں اضافے پر اظہار افسوس کے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے نفاذ اور کھولنے سے پہلے حکمت عملی ہوتی تو متاثرین کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ نہ ہوتا، پھر کہتا ہوں کہ مزید وقت ضائع نہ کریں اور ہمہ جہت جامع قومی حکمت عملی بنائیں۔مشترکہ مفادات کونسل کا فوری اجلاس بلاکرحالات کا جائزہ لیا جائے اور تازہ ترین حالات کو دیکھتے ہوئے ازسرنو حکمت عملی کا تعین کیا جائے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پچھتانے، ہاتھ ملنے اور تقدیر کا لکھا کہنا کوئی پالیسی نہیں، قوم کو بتایا جائے کہ اسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر حکومت کی اس کے پھیلاؤ کو روکنے کی حکمت عملی کیا ہے؟

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ بہترین تدابیر سے نقصانات کم کئے جاسکتے ہیں، وقت تیزی سے گزر رہا ہے، حالات کے مطابق متعلقہ پہلوؤں پر توجہ دی جائے تاکہ نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکے،عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرے ورنہ خدانخواستہ حالات ہاتھ سے نکلے جا رہے ہیں۔