امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے داعش کے نئے سربراہ اور البغدادی کے جانشین امیر محمد عبد الرحمٰن المولا کو سلامتی کونسل میں عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیے جانے کا خیر مقدم کیا ہے۔
پومپیو نےاپنے “ٹویٹر” اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ امریکا داعش کے نئے سربراہ کو سلامتی کونسل میں دہشت گرد قرار دینے کا خیر مقدم کرتا ہے۔ یہ فیصلہ داعش کی مستقل شکست کو یقینی بنانے کے لیے عالمی برادری کی جانب سے اٹھایا گیا ایک اہم اقدام ہے۔
اس سے قبل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے المولیٰ کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔
سلامتی کونسل کی پابندیوں سے متعلق کمیٹی نے داعش اور القاعدہ پر پابندیاں عائد کرنے کی قرار داد نمبر 2368 پرعمل درآمد کرتے ہوئےعراقی نژاد المولا کو بلیک لسٹ کیا ہے۔
کمیٹی نے بتایا کہ المولیٰ نے یزیدیوں کو اغوا اور قتل کرنے اور انسانی اسمگلنگ میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے مارچ کے وسط میں المولا کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ المولا کو الحاج عبداللہ ، عبد الامیر محمد سعید الصلبی اور ابو عمر الترکانی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
گذشتہ سال 27 اکتوبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام کے شمال مغرب میں اپنے ملک کی افواج کے خصوصی آپریشن میں داعش کے رہ نما ابوبکر البغدادی کے قتل کا اعلان کیا تھا۔