کراچی : ایٹمی قوت سے لیس پاکستان میاں محمد نواز شریف کا وہ تاریخی کارنامہ ہے جو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا ۔انہوں نے آج سے 22 سال قبل جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف امریکی صدر کی پیشکشوں کو رد کیا بلکہ تمام تر عالمی مخالفت بالائے طاق رکھتے ہوئے ایٹمی دھماکے کئے جس کے بعد ازلی دشمن بھارت کو سانپ سونگھ گیا اس کے عزائم خاک میں مل گئے اور پاکستان اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بنا۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن)لیبر ونگ کراچی ڈویژن کے صدر اخلاق ہاشمی نے گذشتہ روز مرکزی دفتر میں یوم تکبیر کے موقع پر منعقدہ سادہ و پروقار تقریب میں کیک کاٹنے کی رسم ادا کرنے کے بعد کارکنان سے خطاب میں کیا ۔اس موقع پر چوہدری زمرد چوہان ،یعقوب کلہوڑو،عاطف حسین،مورس مغل و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہر سال یوم تکبیر شایان شان انداز میں مناتے ہوئے ایک بڑی ریلی کا اہتمام کیا کرتی تھی یہ پہلا موقع ہے کہ کرونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے باعث یہ جشن سادگی سے منایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر دشمنوں کیلئے یوم تکلیف اور پاکستانیوں کیلئے یوم افتخار ہے ۔اخلاق ہاشمی نے کہا کہ آج بھارت کے جنونی رہنما نریندر مودی کے پیداکردہ حالات پرہم پاکستان کے ایٹمی قوت ہونے پر جس قدر فخر کا اظہار کریں گے اس سے ملک کی سلامتی و تحفظ کیلئے قو م میں اتنا ہی زیادہ حوصلہ پیدا ہوگا ۔ہمارا دفاع یقینا ہمارے ایٹمی قوت ہونے کے ناطے ناقابل تسخیر ہوا ہے تاہم مکار دشمن کو ہر محاذ پر پسپا کرنے کیلئے ایک مربوط اور ٹھوس قومی پالیسی ترتیب دینا ناگزیر ہے ۔اس کے لئے اگر یوم تکبیر کو قومی اتحاد و یکجہتی کی علامت قرار دے دیا جائے تو بد مست اورپھنکار ے مارتے ہمارے موذی دشمن بھارت سمیت کسی بھی جارح کو ہماری قومی سلامتی و خود مختاری کی سمت میلی آنکھ سے دیکھنے کی کبھی جرات نہیں ہوگی۔ جاری کردہ :۔ میڈیا کوارڈینٹر