اسلام آباد، لاہور گجرات (پریس ریلیز) عدل و انصاف اور خدمات و مساوات کی اعلی ترین مثالیں قائم کرنے والے، جلیل قدر تابعی، خلیفہ راشد امیر المؤمنین حضرت عمر بن عبد العزیز رحمة اللہ علیہ اور آپ کی اہلیہ محترمہ رحمة اللہ علیہا کے مزارات کی بے حرمتی سے امت مسلمہ کے قلوب شدید مجروح ہوئے اور دنیا بھر میں غم وغصہ کی شدید لہر دوڑ گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پیشوائے اہلسنت پیر محمد افضل قادری نے کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کا شرعی فریضہ ہے کہ وہ اسلامی ورثہ اور تاریخی مقامات کی حفاظت کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے دنیا بھر کے مسلم حکمرانوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ حضرت عمر بن عبد العزیز کے مزار کی بے حرمتی کرنے والوں کو نشان عبرت بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں۔
پیشوائے اہلسنت پیر محمد افضل قادری نے دنیا بھر کے مسلمانوں نے کہاہے کہ وہ آئندہ جمعة المبارک کو ”یوم احتجاج” منائیں، علما اجتماعات جمعہ میں مذمتی قرار دادیں منظور کروائیں اور آپ کی سیرت زیادہ سے زیادہ بیان کی جائے۔ چیئرمین امتحانی بورڈ تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان استاذ العلماء مولانا غلام محمد سیالوی کیلئے فاتحہ خوانی کرتے ہوئے پیشوائے اہلسنت پیر محمد افضل قادری کہا کہ مرحوم کی وفات سے اہلسنت کی صفوں میں خلا واقع ہوا ہے۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی۔ مرحوم کی وفات سے رفیق خاص سے محروم ہوگیا ہوں۔
مولانا غلام محمد سیالوی نے پاکستان اور کشمیر کے مدارس میں امتحانات کے نظام میں شاندار کردار ادا کیا ۔ وہ قرآن بورڈ پنجاب کے چیئرمین، اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ اللہ کریم انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام اہلخانہ کو صبر جمیل مرحمت فرمائے۔