عرب امارات (اصل میڈیا ڈیسک) امارات ایئر لائنز گروپ نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کے بحران سے پیدا ہونے والی مشکلات کے سبب کمپنی اپنے کچھ ملازمیں کو ملازمت سے فارغ کرنے کی تیاری کر رہی ہے تاہم ان کی تعداد نہیں بتائی گئی۔
امارات ایئرلائنز گروپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگرچہ مشکل اوقات میں اور وبا کی روک تھام کے اقدامات پر سختی سے عمل کرنے کے فریم ورک کے باوجود کمپنی کی پروازوں کی بحالی کا عمل بہ تدریج شروع ہوگیا ہے مگر حقیقت یہی ہےکہ کوویڈ ۔19 کی عالمی وبا نے دنیا بھر کی معیشت پر گہرے منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ آپریشنل کارروائیوں کی سطح برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن منظرناموں کا جائزہ لینے کے بعد ہمیں اپنی ٹیم کے کچھ ممبران کی خدمات ختم کرنا ہوں گی۔ کمپنی کی طرف سے یہ نہیں بتایا گیا کہ وہ کتنے ملازمین کو سبکدوش کرنا چاہتی ہے۔ خبر رساں ادارے “اے ایف پی” کے مطابق امارات ایئرلائنز کے ملازمین کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہے۔
امارات ایئرلائن نے مارچ میں اعلان کیا تھا کہ کمپنی اپنے بیشتر ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں 25 فی صد سے 50 فی صد کے درمیان کٹوتی کرے گی۔ 10 مئی کو اماراتی فضائی کمپنی کے کہا تھا کہ کرونا وبا کےبعد پیدا ہونے والی صورت حال میں کمپنی کی فضائی سروس کو معمول پرآنے میں 81 ماہ کا عرصہ بھی لگ سکتا ہے۔
اور امارات ایئر لائن کے ذرائع نے بتایا کہ کمپنی نے طیارے کے دو تربیت یافتہ ہوابازوں اور عملے کے ارکان کو فارغ کردیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کمپنی کے ترجمان نے اتوار کے روز کہاکہ ہم نے موجودہ ٹیم کو رکھنے کی کوشش کی۔ ہم اپنے آپریشنز کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکنہ منظرناموں کا جائزہ لیا ، لیکن ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ کسی مزید مالی بحران سے نکلنے کے لیے کمپنی اپنے بعض تجربہ کار اور باصلاحیت ارکان کو الوداع کرنے پرمجبور ہیں۔