جدہ (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے شہرجدہ میں ایوان صنعت وتجارت کے نمائش مرکز میں محکمہ صحت اور دیگر اداروں کے تعاون سے کرونا کے مریضوں کے لیے ایک فیلڈ اسپتال قائم کیا گیا ہے۔ گذشتہ روز اس فیلڈ اسپتال کے ٹرائل آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ جدہ کے اس فیلڈ اسپتال میں کرونا کے متاثرہ درمیانےاور معمولی نوعیت کے مریضوں کو علاج کے لیے داخل کیا جائے گا۔
اسپتال کے آپریشنل پلان کا آغاز 20 بستروں سے کیا گیا ہے۔ تجرباتی عمل کی تکمیل کے بعد اسپتال میں پانچ سو بستروں کی گنجائش بنائی جائے گی۔ اسپتال میں مریضوں کے لیے مزید آلات اورانتظامات کو یقینی بنانے کے لیے دن رات کام جاری ہے۔ جدہ کے فیلڈ اسپتال میں لیبارٹری ، ریڈیا لوجی ، فارمیسی ، تغذیہ ، اور ہیلتھ انشورنس کی سہولت شامل ہوگی۔
جدہ محکمہ صحت نے وضاحت کی کہ یہ فیلڈ اسپتال 8000 مربع میٹر پربنایا گیا ہے۔ اسپتال کی تیاری میں کرونا مریضوں کے لیے تمام ضروری حفاظتی تدابیر کو مد نظر رکھا گیا۔