اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے بعد (ن) لیگ کے مزید تین رہنما کورونا میں مبتلا ہو گئے۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب اور ان کی والدہ طاہرہ اورنگزیب کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد مریم اورنگزیب اور ان کی والدہ نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔
ان کے علاوہ لیگی رہنما ڈاکٹرطارق فضل چوہدری بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کےکورونا میں مبتلا ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحتیابی کی دعا کی۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک قومی و صوبائی اسمبلیوں کے کئی ارکان وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں جب کہ کچھ وائرس سے انتقال بھی کرگئے۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری کا دعویٰ ہے کہ ارکان قومی اسمبلی کی بڑی تعداد ایوان کا اجلاس بلانے کے بعد کورونا کا شکار ہوئی ہے جس پر انہوں نے آن لائن اجلاس بلانے کی تجویز دی ہے۔