ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ایک مضبوط ترکی ہماری منزل ہے۔ صدر نے تقریبا 3 ماہ بعد پہلی بار کابینہ اجلاس کی روبرو صدارت کی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کے مکمل خاتمے تک ماسک،سماجی فاصلے اور صفائی کا خیال رکھا جائے ہمیں مزید کچھ عرصہ احتیاط کرنا ہوگی ۔
انہو ں نے بتایا کہ فاوی پیراور نامی دوا ترک ماہرین نے تیار کی ہے جس کا استعمال تجربے کی کامیابی کی صورت میں کورونا کے خلاف جلد شروع کیا جائے گا۔
صدر نے 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو خوش خبری سنائی کہ اب وہ ہر دن صبح 10 بجے سے شب 8 بجےتک آزادی سے گھوم پھر سکیں گے حتی ، 18 سال سے کم عمر کے بچے بھی اپنے والدین یا سر پرستوں کے ہمراہ باہر جا سکیں گے۔
انہوں نے سماجی، تفریحی و ثقافتی اجتماعات کے بارے میں بھی کہا کہ انہیں بھی جلد ہی بحال کر دیا جائے گا مگر میری عوام سے گذارش ہے کہ وہ احتیاط کا دامن تھامے رکھیں۔
جناب صدر نے قیام جمہوریت کے یک صد سال یعنی سن 2023 کے حکومتی اہداف کے بارے میں کہا کہ ترکی اس وبا کے بعد پیداواری و تجارتی طاقت بن کر ابھرے گا،کوئی بھی وبا یا خطرہ، وطن عزیز اور ہماری عوامی اتحاد و یک جہتی کا بال بیکا نہیں کر سکتی۔
دہشتگردی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ترکی 40 سال سے اس لعنت سے چھٹکارا پانے کی کوشش میں ہے ، ہم شامی علاقے ادلب میں دوبارہ سے خانہ جنگی کا ماحول پیدا کرنے کے تدارک اور لیبیا میں باغیوں اور سامراجی طاقتوں کے نہیں بلکہ عوامی امنگوں کا احترام کرنے کے پابند رہیں گے۔