قاہرہ (اصل میڈیا ڈیسک) مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور ان کے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی ہے۔ دونوں رہ نمائوں نے لیبیا کی موجودہ کشیدہ صورت حال اور النہضہ ڈیم کے تنازع پر تبادلہ خیال کیا۔
مصری ایوان صدر کے ترجمان بسام راضی نے بتایا کہ صدر السیسی نے لیبیا میں جنگ بندی سے متعلق اعلان قاہرہ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقعے پر دونوں رہ نمائوں نے لیبیا میں تشدد کے خاتمے کی اور تنازع کےسیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔
امریکی اور مصری صدور نے لیبیا میں رائے عامہ کے حقوق کا احترام کرنے اور ملک میں بیرن ملک مداخلت کی روک تھام پر اتفاق کیا۔
اس کےساتھ ساتھ امریکی اور مصری صدور میں النہضہ ڈیم کے تنازع پر بھی بات چیت کی۔
امریکی صدر نے لیبیا میں جنگ بندی سے متعلق مصری صدر کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ امریکا لیبیا میں امن کےقیام کے لیے علاقائی سطح پرہونے والی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
دونوں رہ نمائوں نے دو طرفہ تعلقات کےفروغ، عالمی مسائل اور باہمی دلچسپی کےامور پر تبادلہ خیال کیا۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا کہ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کا ملک یتھوپیا اور مصر کے درمیان جاری النہضہ ڈیم کے تنازع کو منصفانہ اور متوازن طریقے سے حل کرنے کا خواہاں ہے۔
ٹرمپ نے لیبیا میں متحارب فریقین میں جنگ بندی اور بات چیت کے ماحول کو سازگار بنانے کے لیے صدر السیسی کی کوششوں کو بھی سراہا۔