اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز کراچی کے باہمی تعاون سے کورونا وائرس کے مریضوں کا پلازمہ تھراپی کے ذریعے علاج کا آغاز کر دیا گیا۔ اسی حوالے الخدمت کمپلیکس میں پیسو امیونائزیشن سروس کی لانچنگ تقریب منعقد ہوئی ۔ جس کے مہمان خصوصی چیئرمین نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز کراچی پروفیسر ڈاکٹر طاہر شمسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ابھی تک کورونا کا کوئی باقاعدہ علاج دریافت نہیں ہوا لیکن کسی بیماری میں مبتلا مریضوں کا پلازمہ تھراپی کے ذریعے علاج ایک آزمودہ طریقہ کار ہے جس میں بیماری سے صحت یاب ہونے والے افراد کے خون سے پلازمہ لے کر اسی بیماری میں مبتلا شخص کو لگایا جاتا ہے ۔ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کابھی پلازمہ تھراپی کے ذریعے علاج کا آغاز کردیا گیا ہے ۔
اس طریقہ علاج میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افرادکے پلازمہ کوکورونا کے شدید متاثرہ مریضوں کی جان بچانے کے لئے استعمال کیا جاسکے گا ۔ انہوں نے حالیہ بحران میں الخدمت فاؤنڈیشن کے کردار کو سراہا ۔ الخدمت کورونا ٹاسک فورس کے چیئرمین ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے اس موقع پر کہا کہ الخدمت کووڈ 19لیب لاہور میں کورونا ٹیسٹنگ کی مارکیٹ سے سستی اور معیاری سہولت فراہم کی جارہی ہے اور اب تک ہزاروں افراد اس سے مستفید ہوچکے ہیں۔
لہذا الخدمت فاؤنڈیشن کے پاس صحت یاب ہونے والے افراد کا ڈیٹا بھی موجود ہے جن سے پلازمہ عطیہ کرنے کے حوالے سے رابطہ کیا جائے گا، اس کے علاوہ میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی ملک گیر مہم کا آغاز کیا جارہا ہے تاکہ کورونا سے صحت یاب افراد آگے بڑھیں اورمشکل کی اس گھڑی میں کسی کی زندگی کی امید بنیں ۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر صرف الخدمت لیب لاہور میں اس سروس کا آغاز کیا جارہاہے جبکہ کراچی، فیصل آباد اور پشاور میں کووڈ 19لیبز تکمیل کے مراحل میں ہیں بعد ازاں وہاں بھی یہ سروس مہیا کی جائے گی ۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے اس موقع پر کہا کہ حالیہ بحران میں الخدمت فاؤنڈیشن نے ملک گیر خدمات کے ذریعے خدمت کی نئی داستان رقم کی ہے ۔ ہ میں آنے والے چیلنجز کے لئے تیار رہنا ہے جس کےلئے ہ میں اپنی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہوگا۔