اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا میں مبتلا وزیر ریلوے شیخ رشید کو طبیعت ناساز ہونے پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
شیخ رشید احمد کی طبیعت ہفتے کی شام سے خراب تھی، گزشتہ رات طبیعت زیادہ ناساز ہونے پر انہیں ایم ایچ راولپنڈی میں داخل کر لیا گیا۔
وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میرا علاج جاری ہے، ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف بہترین صلاحیتوں کے مطابق علاج کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللّٰہ رات کی نسبت اب بہتر محسوس کر رہا ہوں، میری جلد صحتیابی کے لئے دعائیں کرنے والوں کا بہت شکر گزارہوں۔
شیخ رشید نے عوام سے اپیل بھی کی کہ کورونا کو سنجیدہ لیں، احتیاطی تدابیر اختیارکریں اور گھروں میں رہیں۔
دوسری جانب اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی کا کہنا تھا کہ وزیر ریلوے شیخ رشید کو اللہ پاک کورونا کے خلاف لڑنے کی ہمت عطا فرمائے۔
آفتاب صدیقی کا کہنا تھا کہ شیخ رشید بہادر آدمی ہیں، وہ کورونا کے خلاف جنگ میں فاتح ثابت ہوں گے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ پاک کورونا میں مبتلا تمام مریضوں کو جلد صحت عطا فرمائے، عوام ایک قوم بن کر کورونا کو شکست دینے میں اپنی حکومتوں کا ساتھ دیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا سے اب تک ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 2600 سے زائد انتقال کر چکے ہیں۔