لاہور : تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی رہنمااور پاکستان مسلم الائنس کے صوبائی صدر صاحبزادہ پیر شبیر احمد صدیقی نقشبندی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کو شکست دینے کیلئے احتیاطی تدابیر اور حکومتی ایس او پیز پر عمل پیرا ہونا انتہائی ضروری ہے۔
کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور اپنے گناہوں کی معافی اور حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ میں درودوسلام کے نذرانے پیش کرنا لازمی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویڈیو لنک خطاب کے دوران کیا۔ صاحبزادہ پیر شبیراحمد صدیقی کا کہنا تھاکہم مخلوق خدا کی بے لوث خدمت اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
مشکل حالات میں لاثانی ویلفیئرفاؤنڈیشن کے زیراہتمام کمیونٹی ورکرز کی خدمات لائق تحسین ہیں۔جبکہ سلسلہ عالیہ محمدیہ، صدیقہ،چادریہ، لاثانیہ کے مریدین اور عقیدتمندکرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اور حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا ہوتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے حضور معافی اور حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ میں درودوسلام کے نذرانے پیش کرنے کو یقینی بنائیں،انہوں نے کہاکہ عوام الناس کو جھوٹ، بہتان، رزق حرام سمیت اولیاء اللہ کی گستاخیوں سے توبہ کرنا ہوگی، موجودہ حالات میں حکومتی اقدامات لائق تحسین ہیں پاکستانی عوام کو ان حکومتی اقدامات پر صدق دل سے عمل پیرا ہونا ہوگا۔ اختتام پر ملکی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔