اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) اسلام آباد پاکستان میں بھارتی سفارت خانے کے دو ملازمین کو رہا کر دیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ یہ دونوں ایک ٹریفک حادثے میں ملوث تھے، جس میں ایک شخص زخمی بھی ہوا۔
پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کے دو ملازمین کوکچھ دیر حراست میں رکھے جانے کے بعد رہا کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں نے منگل کو بتایا کہ دارالحکومت اسلام آباد میں ان دونوں افراد کی گاڑی سے پیر کے روز سڑک پر چلنے والا ایک شخص زخمی ہوا۔ حکام نے بتایا کہ بھارتی سفارت خانے سے وابستہ ان دونوں اہلکاروں نے حادثے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی جس پر انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ حکام نے یہ بات اپنی شناخت مخفی رکھنے پر بتائی ہے۔
اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے دو اہلکاروں کی ‘گمشدگی‘ کا معاملہ گزشتہ روز ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ اس پر دونوں ہی ملکوں سے کوئی سرکاری موقف سامنے نہیں آیا تھا۔ بھارتی میڈیا میں البتہ ایسی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ بھارتی وزارت خارجہ نے نئی دہلی میں ایک پاکستانی سفارت کار کو طلب کر کے اس معاملے پر وضاحت طلب کی اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔
پاکستان میں پولیس نے بتایا ہے کہ ہائی کمیشن کے دونوں اہلکار سفارتی حیثیت کے حامل نہیں ہیں اور یوں انہیں پاکستان میں قانونی کارروائی سے استثنی حاصل نہیں ہے۔ منگل کی پیش رفت پربھارت کی جانب سے ابھی تک کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔
جنوبی ایشیا کے روایتی حریف ممالک پاکستان اور بھارت اکثر ایک دوسرے کے سفارت کاروں کو بے دخل کرتے آئے ہیں۔ جون کے اوائل میں جاسوسی کا الزام عائد کرتے ہوئے نئی دہلی حکومت نے پاکستانی ہائی کمیشن سے وابستہ دو اہلکاروں کو اپنے ملک سے بے دخل کر دیا تھا۔ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں نئی دہلی کے اقدامات پر بھی پاکستان میں کافی غم و غصہ پایا جاتا ہے اور سفارتی سطح پر اختلافات کی یہ ایک بڑی وجہ ہے۔