لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) معروف اداکار، کمپئیر ، ادیب اور شاعر طارق عزیز حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔
معروف کمپئیر اور سابق رکن قومی اسمبلی طارق عزیز کے بیٹے نے والد کے انتقال کی تصدیق کی۔
طارق عزیز نے ریڈیو پاکستان لاہور سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا اور 1975 میں شروع ہونے والے پروگرام ‘نیلام گھر’ نے طارق عزیز کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
معروف ادیب و سیاست دان طارق عزیز کو حکومت پاکستان نے 1992 میں حسنِ کارکردگی کے تمغے سے بھی نوازا۔
طارق عزیز نے کئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر بھی دکھائے اور 1997 سے 1999 تک سابق رکن قومی اسمبلی بھی رہے۔
اداکار توقیر ناصر کا کہنا ہے کہ طارق عزیز کا انتقال دکھ کا لمحہ ہے، طارق عزیز بے پناہ صلاحیتوں کے مالک تھے۔
انہوں نے کہا کہ طارق عزیز الفاظ کی ادائیگی میرٹ پر کرتے تھے اور انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا ہر میدان میں منوایا، نیلام گھر سے طارق عزیز نے تین نسلوں تک آگاہی پہنچائی۔