ضابطہ کار کے تحت اسکول کھولنے پر غور کیا جا رہا ہے: شفقت محمود

 Shafqat Mahmood

Shafqat Mahmood

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ضابطہ کار (ایس او پیز) کے تحت اسکول کھولنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت اسکولز کھولنے کے معاملے پر اعلی سطحی اجلاس ہوا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ضابطہ کار کے تحت اسکولز کھولنے کے معاملے پر حکومت سنجیدگی سے غور کر رہی ہے، تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، مدارس اور پرائیویٹ اداروں سے تجاویز طلب کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک سروے کے مطابق 70 فیصد والدین بچوں کو اسکول بھیجنا چاہتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسکولوں کو کھولنے کے معاملے پر یونیسف سے بھی رابطے میں ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ پہلے تعلیمی اداروں کو 31 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا جس میں اب مزید ڈیڑھ ماہ کی توسیع کر رہے ہیں جس کے بعد تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رہیں گے۔