سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف عالمی جنگ میں سعودی عرب کا کردار قابل تحسین ہے۔ سعودی عرب نے دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے امریکا کےساتھ مل کرکام کیا ہے۔ داعش اور دوسرے انتہا پسند گروپوں کے خلاف کارروائیوں میں سعودی عرب پیش پیش رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ گذشتہ برس ستمبر میں سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر ایرانی حملے کھلی دہشت گردی تھی۔
رپورٹ میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحدہ عرب امارات کی خدمات کو بھی سراہا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ امارات نے داعش کو شکست سے دوچار کرنے کے لیے عالمی اتحاد میں رہتے ہوئے بھرپور خدمات انجام دی ہیں۔
ادھر گذشتہ منگل کو امریکی حکومت نے سلامتی کونسل میں ایک مسودہ قانون جمع کرایا ہے جس میں سنہ 2019ء میں سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ ان حملوں کی ذمہ داری ایران پر عاید کی گئی تھی تاہم ایران ان حملوں میں ملوث ہونے سے انکار کرتا آیا ہے۔