کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) قومی ائیر لائن پی آئی اے نے مشتبہ لائسنس رکھنے والے تمام پائلٹس کو گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق مشتبہ لائسنس کے حامل 150 پائلٹس کو طیارہ اڑانے سے روک دیا گیا ہے اور جو پائلٹ اپنے لائسنس کی تصدیق کرا لیں گے انہیں ڈیوٹی پر لے لیا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں پائلٹس کو گراؤنڈ کرنے سے پی آئی اےفلائٹ آپریشن متاثر ہوگا لیکن فلائٹ سیفٹی اور مسافروں کا تحفظ تجارتی مفادات سے بالا تر ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ جعلی ڈگری کے حامل 6 پائلٹس کو پہلے ہی ملازمت سے نکالا جا چکا ہے۔
واضح رہےکہ 22 مئی کو کراچی میں پیش آنے والے واقعے کے بعد تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر آنے سے مشتبہ لائسنس رکھنے والے پی آئی اے کے پائلٹوں کے لائسنس کی تصدیق کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
22 مئی کو قومی ائیر لائن کی پرواز پی کے 8303 جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی جس سے 97 افراد جاں بحق جب کہ دو افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے۔
بعدازاں وزیراعظم اور متعلقہ حکام کی جانب سے حادثے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
طیارہ حادثے کی تحقیقات کے سلسلے میں 26 مئی کو ائیربس کمپنی کے 11 ٹیکنیکل ایڈوائزرز فرانس سے کراچی پہنچے تھے جنہوں نے جائے وقوعہ سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کیے اور رن وے کا بھی معائنہ کیا جس کے بعد یکم جون کو تحقیقاتی ٹیم فرانس روانہ ہوگئی تھی۔