پٹرولیم قیمتیں بڑھانے پر ن لیگ نے وزیراعظم سے استعفیٰ مانگ لیا

Ahsan Iqbal

Ahsan Iqbal

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے بہا اضافے پر وزیراعظم سے استعفیٰ طلب کر لیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان مسلم لیگ نواز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کو مسترد کر دیا۔

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایک طرف کورونا ہے، دوسری طرف معیشت کا برا حال اور اب عوام پر پٹرول کی مہنگائی مسلط کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس سطح پر ن لیگ جو ٹیکسیشن چھوڑ کر گئی تھی اس میں آج کی پیٹرول کی قیمت شامل کرے، اس پٹرول کی قیمت 71 روپے 15 پیسے ہے، 100 روپیہ 10 پیسہ نہیں۔

مسلم لیگ ن کے پارلیمانی رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی اب اپنا نیا لیڈر چن لے، آج پیٹرول کی قیمت بڑھی ہے، کل بجلی کی بھی بڑھے گی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان اور پاکستان ایک ساتھ نہیں رہ سکتے، وزیراعظم اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے استعفیٰ دیں اور پی ٹی آئی اپنا نیا لیڈر چن لے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں اگر شرم ہے تو اب شرم کر لیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پیٹرولیم کے نرخ کی وجہ سے نہیں بلکہ اضافی ٹیکس کی وجہ سے ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیمت میں 34 فیصد اضافے سے مہنگائی کئی گنا بڑھے گی، جس مافیا نے پیٹرول کو ا سٹاک کیا تھا حکومت نے اسے رات و رات جیک پاٹ دے دیا ہے ۔

ن لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر اگلا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، حکومتی اقدام سے ا ب ملک میں مہنگائی کا طوفان یہاں نہیں رکے گا، یہ اور آگے بڑھے گا۔