لندن (اصل میڈیا ڈیسک) اسکاٹ لینڈ کی پولیس نے گلاسکو میں پناہ گزینوں کے ایک ہوٹل میں چھ افراد کو چاقو کے وار کرکے زخمی کرنے والے ملزم کی شناخت جاری کردی گئی ہے۔ ملزم کا تعلق سوڈان سے بتایا جاتا ہے۔
اسکاٹ لینڈ کی پولیس نے جمعہ کو گلاسکو میں چھ افراد کو چاقو کے وار کرکے زخمی کرنے والے ملزم کی تصاویر اور دیگر شناختی تفصیلات جاری کی ہیں۔ چاقو سے حملہ کرنے والے شخص کو پولیس نے گولی مار دی تھی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگیا تھا۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے ملزم کے بارے میں جو معلومات شیئر کی ہیں ان میں اس کا نام بدرالدین عبداللہ آدم بتایا ہے اور اس کی عمر 28 سال بیان کی گئی ہے۔
برطانوی اخبار “دی سن” نے بتایا کہ اسکاٹ لینڈ پولیس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک سے حاصل کی ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کو ملنے والی معلومات سے پتا چلا ہے کہ ملزم کے اقدام کا پس منظر دہشت گردی نہیں بلکہ اور اس کے ذہنی توازن کی خرابی بتائی جاتی ہے۔ وہ کرونا کی وجہ سے ایک ہوٹل میں کئی ہفتوں سے تنہا رہا تھا۔
پناہ گزینوں کے عارضی قیام کے لیے مختص ہوٹل میں رہائش پذیر اور دوسرے پناہ گزین نے بتایا کہ آدم چھ ماہ قبل فرانس سے برطانیہ آیا۔ وہ ہوٹل میں قیام کے دوران دوسرے پناہ گزینوں کے شور شرابے کی وجہ سے کافی پریشان تھا اور اس نے کئی بار کہا کہ وہ ان پر چاقو سے حملہ کرے گا۔
خیال رہے کہ جمعہ کے روز گلاسکو میں چاقو سے کیے گئے حملے میں کم سے کم چھ افراد زخمی ہوگئے تھے۔ ان میں سے ایک زخمی کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔