اسٹاک ایکسچینج حملے میں شہید پولیس سب انسپکٹر محمد شاہد سپرد خاک

Mohammad Shahid

Mohammad Shahid

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگردوں کے حملے میں شہید پولیس اہلکار محمد شاہد کو کراچی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

کراچی پولیس کے شہید سب انسپکٹر محمد شاہد کی نماز جنازہ گارڈن ہیڈ کوارٹر میں ادا کرنے کے بعد ان کی تدفین میوہ شاہ قبرستان میں کی گئی۔

نماز جنازہ میں ورثا کے علاوہ صوبائی وزیر سعید غنی، آئی جی سندھ مشتاق مہر، ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمربخاری اور رینجرز پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

حملہ ناکام بنانے میں پولیس اور رینجرز کے علاوہ 2 نجی سیکیورٹی کمپنیز کے گارڈز نے بھی نمایاں کردار ادا کیا۔

حملے میں شہید گارڈز میں سے دو گارڈز افتخار وحید اور خدا یار اسٹاک ایکسچینج میں تعینات تھے، افتخار وحید دسمبر 2016 اور خدا یار دسمبر 2014 سے اسٹاک ایکسچینج میں تعینات تھے اور دونوں کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع دیر سے تھا۔

سیکیورٹی کمپنی کے سی او او کرنل ریٹائرڈ محسن نے جیو نیوز کو بتایا کہ افتخار وحید کو سر میں گولی لگنے کے بعد اسپتال لے جایا جارہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گئے جب کہ خدا یار کو 6 گولیاں لگیں جو موقع پر ہی شہید ہوگئے۔

کرنل محسن نے شہید محافظوں کے لیے انعام اور تمام اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا ہے جب کہ کمپنی کے 2 گارڈز وقاص اور شاہ زیب شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہیں۔

شہید ہونے والا تیسرا گارڈ حسن ایک قریبی بینک میں تعینات تھا جس کی نماز جنازہ لیاری میں ادا کی گئی۔

سیکیورٹی کمپنی کے سپروائزر کے مطابق جس وقت اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں حسن شہید ہوا تو اسی وقت گھر پر بہن بھی انتقال کرگئی۔

خیال رہے کہ کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور اسٹاک ایکسچینج کے 3 سیکیورٹی گارڈ شہید ہوگئے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں دہشتگرد مارے گئے۔