یمن (اصل میڈیا ڈیسک) عرب اتحاد نے یمن میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے خلاف بدھ کو ایک نئی فوجی کارروائی کا آغاز کیا ہے۔
سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس آپریشن کا مقصد حوثیوں کی مخصوص جنگی صلاحیتوں کا خاتمہ ہے اوریہ ایک خطرے کے ردعمل میں کیا جارہا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’ایس پی اے‘‘ کے مطابق عرب اتحاد اس فوجی کارروائی کے بارے میں جلد ایک نیوز کانفرنس کرے گا۔
گذشتہ ہفتے عرب اتحاد نے سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض کی جانب داغے گئے میزائلوں کو ناکارہ بنایا تھا۔یمن میں چھے ہفتے کی جنگ بندی کے بعد حوثی ملیشیا کا سعودی عرب کی جانب پہلا میزائل حملہ تھا۔
واضح رہے کہ عرب اتحاد نے اپریل میں کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا اور اس کی مدت مئی کے آخر میں ختم ہوگئی تھی۔