الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے کرونا وائرس کے 3402 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے جس کے بعد مملکت میں کووِڈ-19 کے کیسوں کی کل تعداد 194225 ہوگئی جبکہ ان میں سے مزید 49 مریض چل بسے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں دارالحکومت الریاض میں ایک مرتبہ پھر سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں اور ان کی تعداد 401ہے۔اس کے بعد الدمام شہر میں 283 کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔کرونا کے باقی کیس مملکت کے دوسرے علاقوں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
سعودی عرب میں کووِڈ-19 میں مبتلا مزید 49 مریض وفات پاگئے ہیں۔اس طرح اب مملکت میں کرونا وائرس سے وفات پانے والوں کی تعداد 1698 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے بتایا ہے کہ کرونا وائرس کا شکار مزید 1994 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور یکم جولائی تک تندرست ہونے والے مریضوں کی کل تعداد 132760 ہوگئی ہے۔
ان کے بہ قول اس وقت سعودی عرب میں کرونا وائرس کے 59767 فعال کیس ہیں۔ان میں 2272 افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے اور وہ مختلف اسپتالوں میں انتہائی نگہداشت کے یونٹوں میں زیرِعلاج ہیں۔