لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے جج ارشد ملک کی برطرفی کے لاہور ہائیکورٹ کے 7 جج صاحبان کے فیصلے پر اظہار تشکر کیا۔
شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ “اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہوں کہ اس نے ملک و قوم کی مخلصانہ خدمت کرنے والے محمد نوازشریف کی بے گناہی کوثابت کردیا۔”
انہوں نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ جج نے انصاف پہ مبنی فیصلہ نہیں دیا تھا اور 3 بار کے منتخب وزیراعظم کو ناحق سزا دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ سچائی سامنے آنے پر انصاف کا تقاضا ہے کہ محمد نوازشریف کے خلاف سزا کو ختم کیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کا فیصلہ دراصل محمد نوازشریف کی بے گناہی کا ثبوت ہے، پارٹی کارکنان اور عوام سے اپیل ہے کہ محمد نوازشریف کی بے گناہی ثابت ہونے پر شکرانے کے نوافل ادا کریں۔
خیال رہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ویڈیو اسکینڈل میں ملوث احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کو ملازمت سے برطرف کر دیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں انتظامی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں شامل 7 سینئر جج صاحبان جسٹس محمد امیر بھٹی، جسٹس شہزاد احمد خان، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس علی باقر نجفی نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے سابق جج احتساب عدالت ارشد ملک کو ملازمت سے برطرف کر دیا۔