اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) لوڈشیڈنگ بڑھنے کے باوجود پاور ڈویژن نے ملک میں بجلی کا شارٹ فال زیرو ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ گھنٹوں گھنٹوں تک لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہری پریشان ہیں۔
بجلی نہ ہونے سے شہریوں کو پانی کی کمی اور طلبہ کو آن لائن کلاس لینے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے جب کہ شہروں کے مستثنیٰ علاقوں میں بھی بجلی 2 سے 3 بار بند کی جارہی ہے۔
اس صورتحال کے باوجود پاور ڈویژن کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال زیرو ہے، طلب کے مطابق ملک میں 21 ہزار 200میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کے الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے 800 میگاواٹ بجلی دی جارہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ سسٹم میں 24ہزار میگاواٹ تک پیداوار کی گنجائش ہے تاہم بجلی لوڈ شیڈنگ صرف بہت زیادہ نقصان والے فیڈرز پر کی جا سکتی ہے۔