لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) سابق کپتان اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی کر کے آئی پی ایل کرایا گیا تو انگلیاں اٹھیں گی۔
اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر کسی کا کنٹرول نہیں، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ نہ کروانے کی وجہ یہی بتائی جارہی ہے کہ 16 ٹیموں کے لیے اس طرح کا بائیو سیکیور ماحول اور قیام و طعام کے انتظامات ممکن نہیں جو انگلینڈ میں ویسٹ انڈیز اور پاکستان کیساتھ سیریز باہمی کیلیے نظر آرہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی کرکے آئی پی ایل کروائی جاتی ہے تو سوالات اٹھیں گے کہ ایک نجی لیگ میں شریک ٹیموں کیلیے انتظامات ہوسکتے ہیں تو آئی سی سی جیسی کرکٹ کی عالمی باڈی نے اپنا ٹورنامنٹ کیوں نہیں کروایا؟ اگر اس طرح کا کوئی تاثر گیا تو کرکٹرز کا انٹرنیشنل کرکٹ کی جانب رجحان کم ہوگا۔