امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی ریاست اوکلاہوما میں اچانک کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی درج کی گئی ہے اور مقامی طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے حال ہی میں جو انتخابی جلسہ کیا تھا، غالباً اسی کی وجہ سے یہ اضافہ ہو رہا ہے۔
ایک ایسے وقت جب امریکا میں پہلی بار ایک دن میں کورونا وائرس کے ریکارڈ کیسز کا پتہ چلا ہے، محکمہ صحت کے ایک سینئر افسر کا کہنا ہے کہ اس اضافے کی ممکنہ وجہ شہر میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا گزشتہ ماہ کا انتخابی جلسہ اور اس سے متعلق دوسرے پروگرام ہوسکتے ہیں جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی تھی۔ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ ریاست اوکلاہوما کے شہر ٹلسا میں ایک بڑی انتخابی ریلی کی تھی جس میں ماسک پہنے کی پابندی نہیں تھی۔
ٹلسا شہر میں محکمہ صحت کے ایک سینئر افسر بروس ڈارٹ سے جب صحافیوں نے سوال کیا کہ کیا اس طرح کے بڑے جلسے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب ہوسکتے ہیں تو ان کا کہنا تھا، ”گزشتہ چند روز میں تقریبا ًپانچ سو کیسز سامنے آئے ہیں اور ہمیں معلوم ہے کہ دو ہفتے قبل ہی یہاں پر کئی بڑے پر ہجوم پروگرام ہوئے تھے۔ تو میرا خیال ہے کہ ہم کڑیوں کو ملا سکتے ہیں۔” بروس ڈارٹ کا بظاہر اشارہ اس بات کی طرف تھا کہ صدر ٹرمپ کی انتخابی ریلی اور اس تعلق سے ہونے والی دیگر تقاریب کی وجہ سے کیسز میں ممکنہ طور پر اچانک اضافہ ہوا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 20 جون کو ٹلسا میں منعقد ہونے والے ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کیا تھا۔ اس میں ان کے ہزاروں حامی شریک ہوئے تھے جن پر ماسک پہننا لازم نہیں تھا۔ اس حوالے سے طبی ماہرین نے شدید نکتہ چینی کی تھی۔ ٹلسا میں کورونا وائرس کے 4500 مصدقہ کیسز ہیں جبکہ اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 72 ہے۔
ادھر امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 59 ہزار سے بھی زائد کیسز سامنے آئے ہیں اور حکام کے مطابق ایک دن میں انفیکشن کے مصدقہ کیسز کی اتنی بڑی تعداد امریکا میں پہلی بار سامنے آئی ہے۔ ریاست فلوریڈا میں تقریباً 10 ہزار نئے کیسزکی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ٹیکسس میں نو ہزار کے قریب اور ریاست کیلفورنیا میں سات ہزار 800 نئے کیسز کا اضافہ ہوا ہے۔
امریکا میں کووڈ 19 سے یومیہ اموات کی شرح میں بھی جون کے اوائل سے پہلی بار اضافہ درج کیا گیا ہے اور اب یومیہ اموات کی شرح تقریباً 900 ہے۔ ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 30 لاکھ سے بھی زیادہ ہوگئی ہے جبکہ ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد اب تک ہلاک ہوچکے ہیں۔
انفیکشن کے اتنی تیزی سے پھیلنے کے باوجود امریکی صدر اس بات پر بضد ہیں کہ اسکولوں کو جلد از کھولا جائے۔ بدھ کے روز انہوں نے دھمکی دی تھی کہ اگر موسم بہار میں ضلعی انتظامیہ کے تعلیمی اداروں میں طلبہ دوبارہ کلاسز میں واپس نہیں ہوئے تو وہ وفاقی امداد روک دیں گے۔