کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) معروف گلوکار عاصم اظہر پر سوشل میڈیا پر ان کے مقبول گانے ’’جو تو نہ ملا‘‘ کو چوری کرنے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔
عاصم اظہر کے 2018 میں ریلیز ہونے والے گانے ’’جو تو نہ ملا‘‘ نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی تھی اور پاکستان کے ساتھ بھارت میں بھی اس گانے کی بے حد تعریف کی گئی تھی۔ بھارتی موسیقاروں نے عاصم اظہر کو اتنا خوبصورت گانا گانے پرخوب سراہا تھا۔ یا یوں کہہ لیں کہ اس گانے نے عاصم اظہر کی شہرت کو نئی اونچائیوں پر پہنچادیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ کی چوری پر سینہ زوری یہ گانا آج بھی بے حد مقبول ہے اور یوٹیوب پر اس گانے کو اب تک 107 ملین بار (17 کروڑ بار) دیکھا جا چکا ہے جو اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے۔ تاہم یہ گانا اپنی ریلیز کے دو سال بعد ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے اور الزام لگایا جارہا ہے کہ عاصم اظہر نے اس گانے کی دھن دراصل ایک جاپانی اینی میٹڈ فلم ’’کیکیز ڈیلیوری سروس‘‘ کے ٹائٹل سانگ سے چوری کی ہے۔
یہ فلم 1989 میں ریلیز ہوئی تھی جسے ہایایو میازاکی نے ڈائریکٹ اور پروڈیوس کیا تھا اور کہانی بھی انہوں نے ہی تحریر کی تھی۔ فلم کی موسیقی جاپانی میوزک کمپوزر جو ہساشی نے ترتیب دی تھی۔
عاصم اظہر کے گانے ’’جو تو نہ ملا‘‘ کی ابتدا میں پس منظر میں چلنے والی دھن اور ’’کیکیز ڈیلیوری سروس‘‘ کے ٹائٹل سانگ میں بے حد مماثلت پائی جاتی ہے جس کے باعث سوشل میڈیا پر کہا جارہا ہے کہ عاصم اظہر نے یہ دھن جاپانی فلم سے چرائی ہے۔
واضح رہے کہ ’’جو تونہ ملا‘‘ گانے میں نہ صرف عاصم اظہر نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے بلکہ میوزک ویڈیو میں اداکاری بھی کی ہے اور ان کے ساتھ اقرا عزیز بھی اس ویڈیو میں نظر آئی ہیں۔