اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) معروف جرمن لگژری فیشن برانڈ ‘ہوگو باس’ نے اسپورٹس وئیر کی تیاری کے لیے پاکستانی کمپنی کو آرڈر دے دیا۔
جرمن لگژری فیشن برانڈ ہوگو باس کی جانب سے اسپورٹس وئیر کی تیاری کے لیے پاکستانی کمپنی کو آرڈر دینا پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری اور برآمدات کے لیے خوش آئند ہے۔
اس ضمن میں وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ‘مجھے یہ جان کر خوشی ہو رہی ہے کہ ہوگو باس نے ایک پاکستانی کمپنی کو اسپورٹس وئیر کا آرڈر دیا ہے’۔
عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ ’یہ کامیابی پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (PRGMEA) کی کوشش کے نتیجے میں 35 ویں آئی اے ایف فیشن کنونشن کے پاکستان میں انعقاد کی بدولت حاصل ہوئی ہے‘۔
عبدالرزاق داؤد نے پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (PRGMEA) کے کوآرڈینیٹر اعجاز کھوکھر کو بھی مبارکباد پیش کی۔
خیال رہے کہ معروف جرمن لگژری فیشن برانڈ ‘ہوگو باس’ کپڑے جوتے اور پرفیومز بناتی ہے جب کہ برانڈ نے حال ہی میں اپنے اسپورٹس وئیر متعارف کرانےکا بھی اعلان کیا ہے جس کے لیےکمپنی نے پاکستان کو آرڈر دیا ہے۔