عراق (اصل میڈیا ڈیسک) عراق میں کرونا کا شکار دیالی صوبے کی خاتون رکن پارلیمنٹ غیدا کمبش گذشتہ روز وبا سے لڑتے ہوئے انتقال کر گئی۔
غیدا سعید عبدالمجید عبدالحسین کمبش 1974ء کو بغداد میں پیدا ہوئیں۔ وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ عراقی سیاست دانوں میں شمار کی جاتی تھیں۔ انہوں نے سیاسیات میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی۔ کمبش سنہ 2010ء کو عراقی پارلیمنٹ کی رکن منتخب ہوئیں۔
قبل ازیں عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد الحلبوسی نے چھ ارکان پارلیمنٹ کے کرونا کا شکار ہونے کی تصدیق کی تھی۔
عراق میں حالیہ ہفتوں کے دوران کرونا کی وبا تیزی کے ساتھ پھلی ہے۔ عراقی حکومت نے وبا کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے ہیں۔ فضائی سروس اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔
عراق میں وزارت صحت کے مطابق جمعرات کے روز 2170 افراد کرونا کا شکار ہوئے۔ جب کہ ایک سو تین افراد کی وفات کی تصدیق کی گئی۔ عراق میں کرونا کے مجموعی متاثرین کی تعداد 69612 ہے جبکہ 2882 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔