اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 46 ہزار 351 افراد ہو گئی ہے جب کہ اس وائرس سے 5 ہزار 123 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
نیشنل کماند اینڈ آپریشن کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 23 ہزار 569 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ، اب تک 15 لاکھ 38 ہزار 427 کورونا ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 2 ہزار 752 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اس طرح ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 46 ہزار 351 ہوگئی ہے۔ سندھ میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 2 ہزار 368 ، پنجاب میں 85 ہزار 991، خیبر پختونخوا میں 29 ہزار 775، بلوچستان میں 11 ہزار 128، اسلام آباد میں 13 ہزار 927، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 630 اور آزاد کشمیر میں ایک ہزار 532 افراد متاثر ہیں۔
اس وقت ملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 91 ہزار 602 ہے جب کہ ایک لاکھ 53 ہزار 134 کورونا متاثرین صحت یاب ہوچکے ہیں ، اس طرح کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 65 مریض دم توڑ گئے، اس طرح ملک بھر میں اب تک اس وائرس سے 5 ہزار 123 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، پنجاب میں ایک ہزار 985، سندھ میں ایک ہزار 713، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 74، بلوچستان میں 126، اسلام آباد میں 147، آزاد کشمیر میں 42 اور گلگت بلتستان میں 36 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔
سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔
پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔